گلگت بلتستان کے عوام سے مراعات واپس نہیں لینے دیں گے، زرداری

گلگت بلتستان کے عوام سے مراعات واپس نہیں لینے دیں گے، زرداری

اسلام آباد(پ ر )سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی موجودہ وفاقی حکومت کو اس امر کی اجازت نہیں دے گی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کو ملنے والی مراعات واپس لے۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابرکے مطابق گلگت بلتستان کے عوام کو دھوکا دینے کے لئے اور ان کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے میاں نواز شریف نے چند روز قبل گلگت ۔ سکردو روڈ شروع کرنے کا اعلان کیا مگرسالانہ ترقیاتی پروگرام اور بجٹ کی دستاویزات سے یہ بات بھی ثابت ہوگئی ہے کہ چند روز قبل نواز شریف نے 47بلین روپے گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے خرچ کئے جائیں گے۔ ان نام نہاد منصوبوں کے لئے اس بجٹ میں رقم نہیں رکھی گئی ہے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ سابق صدر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے خلاف تمام ظالمانہ فیصلے فوری طور پر واپس لئے جائیں۔ حکومت کو اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کے مصائب میں اضافہ کرے۔ ان غریب عوام کے مصائب کو ختم اور مسائل کو حل نہ کیا گیا تو ان میں احساس کمتری پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ سابق صدر نے ان اطلاعات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جن کے مطابق گلگت بلتستان کے عوام سے گندم پر سبسڈی ختم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ کوشاں رہے گی۔

مزید : صفحہ اول