سولر اور ونڈ ٹیکنالوجی آلات کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ دے کر اچھا اقدام کیاگیا
اسلام آباد (آن لائن) سابق ڈائریکٹر میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے سولر اور ونڈ ٹیکنالوجی میں استعمال ہونے والے آلات کی درآمد پر ودہولڈنگ ٹیکس میں 5 سال کے لئے چھوٹ دے کر اچھا اقدام کیا ہے اس سے ملک میں بجلی کے بحران میں کمی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ ڈاکٹر قمر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقامی سطح پر جو لوگ پرائیویٹ طور پر سولر ٹیکنالوجی بنا ئیں گے ان کو بھی سیلز ٹیکس سے چھوٹ دی گئی ہے جبکہ سولر اور ونڈ ٹیکنالوجی کے لئے جو آلات باہر سے امپورٹ کئے جائیں گے ان پر کوئی ڈیوٹی نہیں ہو گی جو کہ حکومت کا اچھا اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہائیڈرل پاور کے منصوبوں پر زیادہ توجہ دی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کو چاہئے کہ وہ خود سے منصوبوں پر پیسے خرچ کرنے کی بجائے دوسرے متعلقہ اداروں اور وزارتون کو موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کے حوالے سے استعمال میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کی کارکردگی اور کامیابی اس وقت نظر آئے گی جب انٹرنیشنل ادارے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کے منصوبوں کے لئے خود امداد فراہم کریں گے۔ ڈاکٹر قمر زمان نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی اپنے محدود وسائل میں رہ کر پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی و تغیرات اور ماحولیات کے منصوبوں کے لئے اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے۔