خیبرپی کے میں نئی انڈسٹری پر ٹیکس چھوٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے: محمدعلی میاں
لاہور (کامرس ڈیسک) مسلم لیگ (ن) تاجر ونگ پنجاب کے صدر محمد علی میاں نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں خیبر پختون خواہ کے لئے نئی انڈسٹری پر ٹیکسوں کی چھوٹ انتہائی اہم فیصلہ ہے ، وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی کے عوام کی سہولت کے لئے گرین بس سروس شروع کرنے کے فیصلے کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے، میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے انہو ں نے بتایا کہ پنجاب کے تاجروں نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کئے جانے والے بجٹ کا خیر مقدم کیا ہے ، محمد علی میاں نے کہا کہ اس مشکل دور میں وفاقی وزیر خزانہ نے انتہائی متوازن بجٹ پیش کیا ہے جس میں غریب افراد پر ٹیکسوں کے بوجھ کو کم کیا گیاہے اور امیرترین افراد پر ہی نئے ٹیکسوں کی معمولی سی شرح بڑھائی ہے ، انہوں نے کہا کہ بجٹ میں جب تک ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ نہیں کیا جائے گا ملک میں ترقیاتی کاموں کو کیسے آگے بڑھایا جاسکتا ہے ، انہو ں نے تاجروں اور صنعت کاروں سے اپیل کی کہ اگر وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک ترقی یافتہ اور سرمایہ کاروں کے لئے مزید سہولیات فراہم کی جاسکیں تو انکو ملک کے وسیع تر مفاد میں ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنا ہو گا، انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو دوبارہ اقتصادی، صنعتی اور معاشی ترقی کی جانب گامزن کر دیا ہے ، بجٹ میں بلاتفریق ملک کے چاروں صوبوں کے لئے ترقیاتی کام کے لئے متوازن بجٹ مختص کرنا وزیر اعظم نواز شریف کاملک قوم سے محبت اور وفاداری کا منہ بولتا ثبوت ہے