قومی کرکٹ ٹیم جیت کاعزم لئے سری لنکاروانہ ہوگئی

قومی کرکٹ ٹیم جیت کاعزم لئے سری لنکاروانہ ہوگئی
قومی کرکٹ ٹیم جیت کاعزم لئے سری لنکاروانہ ہوگئی

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

لاہور(ڈی این اے)قومی کرکٹ ٹیم سری لنکن ٹائیگرز کا گھر میں شکار کرنےکا عزم لیے کولمبو روانہ ہوگئی۔پاکستان شاہین دورہ سری لنکا میں 11جون کو وارم اپ میچ میں ایکشن میںدکھائی دینگے ، دونوں ممالک میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ 17جون کو گال میں شروع ہوگا، مصباح الحق کی قیادت میں مہمان ٹیم آئی لینڈز میں کھیلے گئے 10میچز میں 2 بار ہی سرخرو ہوئی،اس بار ریکارڈ بہتر کرنے کے لیے تینوں شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی پیش کرنا ہوگی۔

 زمبابوے جیسی کمزور ٹیم کی میزبانی کرنے کے بعد گرین شرٹس کو سری لنکا کی صورت میں مضبوط حریف کا چیلنج درپیش ہے، دس سالہ ناکامیوں کی تاریخ کا رخ بدلنے کے لیے گرین شرٹس مصباح الحق کی قیادت میں سری لنکا روانہ ہوئی ہے ۔کولمبو جانے والی 15 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے دوسرے پلیئرز میں اظہر علی (نائب کپتان )، محمد حفیظ ، احمد شہزاد، شان مسعود، یونس خان، اسد شفیق، حارث سہیل، وکٹ کیپر سرفراز احمد، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، وہاب ریاض، جنید خان، عمران خان اور احسان عادل شامل ہیں۔

 یاد رہے کہ پاکستان اپنے دورے کا آغاز 11جون کو کولمبو کرکٹ گرانڈ میں ہونے والے وارم اپ میچ سے کرے گا، 3 ٹیسٹ میچز کی سیریزکا پہلا میچ 17جون کو پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 9 بجے صبح گال اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، دوسرے میچ میں دونوں ٹیمیں 25 جون کو کولمبو میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی جبکہ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 7 جولائی کو پالے کیلی میں شیڈول ہے۔پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا ون ڈے میچ دمبولا اسٹیڈیم میں 1جولائی کو صبح ساڑھے 9بجے، دوسرا 15جولائی کو 2 بجے پالے کیلی اسٹیڈیم میں تیسرا 19جولائی کو آر پریما داسا اسٹیڈیم، چوتھا 22 جولائی کو اور پانچواں 26 جولائی کو مہندا راجا پکسے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹی 20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ 30جولائی اور دوسرا یکم اگست کو کھیلا جائے گا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ قومی ٹیم کا آئی لینڈ میں حالیہ ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں ہے، اس نے آخری بار 2005-6 میں 2میچز کی سیریز میں میزبان ٹیم کو 1-0سے مات دی تھی ۔

مزید : کھیل