عوامی تحریک کا16 جون کو یوم شہدائے ماڈل ٹاؤن منانے کا اعلان،دعوت نامے ارسال

عوامی تحریک کا16 جون کو یوم شہدائے ماڈل ٹاؤن منانے کا اعلان،دعوت نامے ارسال
 عوامی تحریک کا16 جون کو یوم شہدائے ماڈل ٹاؤن منانے کا اعلان،دعوت نامے ارسال

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

  لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے 16 جون کو یوم شہدائے ماڈل ٹاؤن منانے کا اعلان کیا گیا ہے، 16 جون کو مرکزی سیکرٹریٹ میں احتجاجی تعزیتی جلسہ منعقد ہوگا ،ن لیگ کے سوا تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو شرکت کیلئے دعوت نامہ ارسال کر دیا گیا ہے۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری احتجاجی جلسہ سے خطاب کرینگے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے  کہا کہ احتجاجی تعزیتی جلسہ میں شرکت کرنے کے حوالے سے عمران خان کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، تمام جماعتوں کے سربراہان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ تعزیتی احتجاجی جلسہ میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین اور زخمی و اسیران انقلاب شریک ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ 16 جون کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کو ایک سال مکمل ہورہا ہے ۔ایک سال کے بعد بھی انصاف ملنا تو دور کی بات شہداء کے لواحقین کی درج کروائی گئی ایف آئی آر پر غیر جانبدارانہ تفتیش کا آغاز بھی نہیں ہو سکا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی غنڈہ گردی اور انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف کا واقعہ ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، یہ ایک قومی سانحہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ  پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ریاستی ادارے پولیس نے بلااشتعال کارکنان پر ریاستی بندوقوں سے اندھا دھند فائرنگ کی ،14 کو شہید اور 100سزے زائد کو زخمی کر دیا اور وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے ہی قائم کردہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ جاری کرنے سے انکار کیا اور پھر ایک ڈمی جے آئی ٹی کے ذریعے کلین چٹ حاصل کر لی ۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کے قتل کے بعد انصاف کا بھی خون کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے 16 جون کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

مزید : لاہور