عدالتی حکم پر لاہور ہائی کورٹ نے 7ججوں کی سزائیں ختم کردیں
لاہور(نامہ نگار خصوصی )عدالت عالیہ لاہورکی انتظامی کمیٹی نے لاہور ہائی کورٹ کے ایک عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے ماتحت عدالتوں کے 7ججوں کو انضباطی کارروائی کے تحت دی گئی سزائیں ختم یا تبدیل کردی ہیں ۔انتظامی کمیٹی نے ایڈیشنل سیشن جج محمد عامر حبیب اور محمد مسعود حسین کوالزامات سے بری کرتے ہوئے ان کے خلاف انضباطی کارروائی ختم کردی ہے۔کمیٹی نے سول جج درجہ اول اکرام الحق چودھری کی 18ویں گریڈ سے 17ویں گریڈ پر تنزلی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے جبکہ ایڈیشنل سیشن جج راﺅ عبدالجبار کی 3سالانہ ترقیاں روکنے کا حکم نامہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے ۔کمیٹی نے سیشن جج محمد مجاہد حسین شیخ کو برطرف کرنے کا حکم جبری ریٹائرمنٹ میں بدل دیا ہے ،اسی طرح محبوب الہی شیخ کی دو سالانہ ترقیاں روکنے کا حکم بھی واپس لے لیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل سیشن جج محمد اقبال خان کو 2001ءاور 2002ءسے ترتیبی ترقیاں دینے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے ۔