سعودی عرب میں دنیا کی سب سے لمبی عمارت کی تعمیر پر کتنی لاگت آئے گی ،جانئے عالیشان منصوبے کی انتہائی حیرت انگیز تفصیلات
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کا اعزاز جلد ہی ایک اور نئی عمارت کو منتقل ہونے والا ہے جسے سعودی عرب کے شہر جدہ میں تعمیر کیا جائے گا۔
کنگڈم ٹاور کے نام سے بنائی جانے والی عمارت کی اونچائی ایک کلومیٹر سے زیادہ ہوگی اور اس کی تکمیل 2018ءکے آخر تک متوقع ہے۔ دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کی 163منازل ہیں جبکہ کنگڈم ٹاور کی منازل کی تعداد 252 ہوگی جن میں سے دفاتر کے لئے 7 منازل، ہوٹل کے لئے 7 منازل، سروس اپارٹمنٹس کے لئے 11منازل اور مختلف درجات کی رہائشوں کے لئے بھی منازل کی بڑی تعداد مختص کی جائے گی۔ ٹاور کو ہوٹل، رہائش اور دفاتر کے لئے تین بڑے حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس میں دنیا کی تیز ترین 59 لفٹیں بھی نصب کی جائیں گی جو سینکڑوں میٹر کا فیصلہ لمحوں میں طے کریں گی۔
کنگڈم ٹاور کی تعمیر کے لئے کنکریٹ کا استعمال کیا جائے گا کیونکہ نئے جی سی سی ضوابط سٹیل کے ڈھانچوں کی اجازت نہیں دیتے، البتہ ٹاور کے آخری 44میٹر سٹیل سے بنائے جاسکتے ہیں۔ اس کی جزوی تعمیر میں استعمال ہونے والے سٹیل کی مقدار 7ایفل ٹاور سے زیادہ ہوگی جبکہ تعمیر میں استعمال ہونے والے کنکریٹ کی مقدار پانچ بڑے ڈیموں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے کنکریٹ سے بھی زیادہ ہوگی۔ کنگڈم ٹاور کی حتمی اونچائی کتنی ہوگی، یہ ابھی کسی کو معلوم نہیں، البتہ بتایا گیا ہے کہ یہ ایک کلومیٹر سے بہرحال زیادہ ہوگی۔