سٹیڈیمز کی زبوں حالی ،سابق کرکٹر اور اولمپئن کا وزیر اعلٰی سے نوٹس کا مطالبہ

سٹیڈیمز کی زبوں حالی ،سابق کرکٹر اور اولمپئن کا وزیر اعلٰی سے نوٹس کا مطالبہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے پنجاب میں کھیلوں کے نئے میدان بنانے اور پارکس میں ڈیجٹل لائبریرز کے قیام کے ہدف حاصل نہ کرنے پر صوبائی وزارت کھیل اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے اعلی افسران کے خلاف ایکشن کے بعدصوبائی وزارت کھیل اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے افسران مذید متحرک ہوگئے اور انہوں نے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے کے لئے تیزی سے اقدامات کرنے شروع کردیئے ۔پنجاب بھر کے ڈی سی او ز نے بھی اپنے اپنے اضلاع میں سپورٹس ڈویلپمنٹ کے کاموں کی براہ راست نگرانی شروع کرنے کے علاوہ کرکٹ اور ہاکی سٹیڈیمز کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے ہدایات جاری کرنا شروع کردی ہیں تاہم شیخوپورہ میں 8سال سے ہاکی سٹیڈیم کے رکے ہوئے کام اور سڈنی طرز کے شیخوپورہ کرکٹ سٹیڈیم کی طرف ابھی تک کوئی توجہ نہیں دی جارہی جس پر اولمپئن اخلاق احمد اورسابق ٹیسٹ کرکٹر رانا نوید الحسن نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس پنجاب زاہد حسین نے بتایا کہ پنجاب میں کھیلوں کی ترقی کے لئے صوبائی وزارت کھیل بھرپور اقدامات کررہی ہے جس کی وجہ سے صوبہ میں کھیلوں کا معیار بہتر ہوا ہے ۔ پنجاب میں کھیلوں کے میدان اور پارکس میں ڈیجٹل لائبریریز کے قیام کے ہدف کو جلد از جلد حاصل کیا جائے گا ۔ پاکستان میں سپورٹس کا مستقبل روشن ہے، ہماری یوتھ نے کئی عالمی ایونٹس میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، پنجاب حکومت نوجوانوں کو سپورٹس کیلئے بہترین سہولتیں فراہم کررہی ہے اور نوجوان اس سے استعفادہ بھی کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو اس وقت جو سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی اور یہی وجہ ہے کہ نوجوان عالمی ٹائیٹلز جیت رہے ہیں، نوجوانوں کو گھر کے قریب سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے صوبہ بھر میں ایک ہزار گراؤنڈز بنائے جارہے ہیں ۔نوجوان سپورٹس میں حصہ لیں،صوبائی وزارت کھیل ان سے ہر ممکن تعاون کرے گی ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی