رمضان بازاروں میں اشیاء کی قلت کی خبریں ،ڈی سی او نے جواب طلب کر لیا

رمضان بازاروں میں اشیاء کی قلت کی خبریں ،ڈی سی او نے جواب طلب کر لیا

لاہور(خبرنگار)ڈی سی او لاہور کیپٹن نے مختلف اخبارات اور نیوز چینلز پر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور قلت کے بارے میں شائع ہونے والی خبروں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے انچارج رمضان بازار اور متعلقہ مارکیٹ کے مجسٹریٹ سے فوری طور پر جواب طلب کیا۔ دہلی گیٹ رمضان بازارمیں ٹماٹر اور پیاز نہ ہونے کی خبر شائع ہونے پر ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے فوری طور پر انچارج رمضان بازار دہلی گیٹ محمد آصف سے رپورٹ طلب کی۔ محمد آصف نے بتایا کہ بازار میں ٹماٹر اور پیاز کی کوئی قلت نہیں ہے۔ فیئر پرائس شاپس، گرین چینل کے علاوہ پرائیویٹ سٹالز پر بھی ٹماٹر او ر پیاز وافر مقدار میں موجود ہیں۔ ڈی سی اولاہور نے تمام انچارج رمضان بازاروں سے لگائے گئے سٹالز کے متعلق بھی رپورٹ طلب کی اور ان سے لگائے گئے سٹالز کی تصاویریں خصوصی طور پر واٹس ایپ کروائی۔لاہور میں لگائے گئے 31رمضان بازاروں میں کوئی بھی رمضان بازار ایسا نہ تھا جہاں پر سٹالز موجود نہ ہوں اور رمضان بازاروں میں تمام اشیاء ضروریہ مو جو د ہیں جبکہ رمضان بازاروں میں ضلعی حکومت کے سٹالز پر کو ئی قلت نہ ہے۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان نے اسلام پورہ اور گلشن راوی رمضان بازاروں میں لیموں کی سست سپلائی کا بھی نوٹس لیا اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو فوری طور پر رمضان بازاروں میں لیموں کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1