پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں امریکی سرمایہ کاری کی دلچسپی کا اظہار

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں امریکی سرمایہ کاری کی دلچسپی کا اظہار

  نیویارک(آن لائن)چین اورپاکستان کے اقتصادی راہداری منصوبے پرامریکی حکومت کی تشویش کے باوجود نیو یارک میں ہونیوالی پاک امریکابزنس کانفرنس میں امریکی سرمایہ کاروں نے اس منصوبے میں سرمایہ کاری کیلیے دلچسپی کااظہارکیاہے۔تفصیلات کے مطابق پاک امریکی بزنس کمیونٹی کا چوتھا اجلاس اس مرتبہ روشنیوں کے شہر نیو یارک میں منعقد کیا گیا، کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر خرم دستگیر جبکہ امریکی وفد کی قیادت نائب سیکریٹری کامرس بروس اینڈریوز نے کی۔کانفرنس میں پاکستانی اور امریکی تاجروں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کو تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔پاک امریکا بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور امریکی تاجروں کیلیے صحت،ٹیکنالوجی،زراعت اور وومن ایمپاورمنٹ کے شعبوں میں کام کرنے کیلیے بہت سے مواقع موجود ہیں۔اس موقع پر پاکستان اور امریکا کے درمیان خواتین کی اقتصادی سسٹم میں شرکت اور پاکستانی اکنامک فورم میں خواتین کو منظم کرنے کیلیے ایک معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔کانفرنس میں افغانستان اور پاکستان کیلیے امریکی خصوصی سفیر رچرڈولسن نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ پاکستانی اور امریکی تاجروں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کیلیے پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کی کاوشوں کو سراہاگیا۔یاد رہے اس سے قبل پاک امریکا بزنس کانفرنس برطانیہ کے دارلحکومت لندن میں منعقدکی گئی تھی۔#

مزید : کامرس