ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائیگا ، بجٹ خسارے میں واضح کمی ہوئی
اسلام آباد (آن لائن)سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافہ کر رہی ہے ‘ ملکی بجٹ کے خسارے میں بھی واضح کمی ہوئی ہے ‘ یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی قیمتوں میں واضح کمی کی جا رہی ہے جو زرعی شعبے کی بہتری میں مددگار ثابت ہوگی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے اہم اور موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں، حکومت نے اپنے اخراجات میں 30 فیصد کمی کی ہے ‘ گزشتہ تین سالوں میں ریونیو کا 60 فیصد اضافہ بھی ایک ریکارڈ ہے جو موجودہ حکومت کے موثر اقدامات کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافہ کر رہی ہے جبکہ ملکی بجٹ کے خسارے میں بھی واضح کمی ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ زرعی شعبے کی بہتری بھی حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ زرعی شعبے کی بہتری کیلئے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ زرعی شعبے کی مراعات میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ ہمارا کسان خوشحال ہو۔ کسانوں کے بہتر معیار زندگی کیلئے انہیں اعلی معیار کے بیج فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی قیمتوں میں واضح کمی کی جا رہی ہے جو زرعی شعبے کی بہتری میں مددگار ثابت ہوگی۔