ایل ڈی اے سٹی کیلئے کسی کی رضا مندی کے بغیر اسکی جائیداد مسمار نہیں کریں گے :خواجہ احمد حسان

ایل ڈی اے سٹی کیلئے کسی کی رضا مندی کے بغیر اسکی جائیداد مسمار نہیں کریں گے ...

لاہور(اپنے خبر نگار سے)وزیر اعلی پنجاب کے مشیر خواجہ ا حمد حسان نے یقین دلایا ہے کہ ایل ڈی اے سٹی میں آنے وا لے صنعتی یونٹوں کا معاملہ باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا ‘صنعتکاروں کی رضا مندی کے بغیر کسی کو ان کی ایک اینٹ بھی گرانے نہیں دی جائے گی ۔مقامی صنعتکار اس معاملے میں اپنی سفارشات اور متبادل تجاویز ایک دو روز میں پیش کریں ‘ ان کا تفصیلی جائزہ لے کرمثبت پیش رفت کی جائے گی اور قابل قبول حل تلاش کیا جائے گا ۔وہ گزشتہ روز ایوان وزیر ا علی 90شاہراہ قائد اعظم پر لاہور چیمبر آف کامرس کے سابق صدر انجم نثار کی قیادت میں ملاقات کے لئے آنے والے کاہنہ کاچھا کے صنعتکاروں اور کاشتکاروں کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔اس موقع پر مسلم لیگی رہنما رانا مبشر ا قبال‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نبیل جاوید اور دیگر متعلقہ ا فسران بھی موجود تھے ۔خواجہ احمد حسان نے کہا کہ یہ بات اصولی طور پر طے شدہ ہے کہ کہ کسی کی رضا مندی‘ معاوضے کی ادائیگی یا کوئی اور معقول بندوبست کئے بغیر کسی کا گھر‘ دکان یا انڈسٹری مسمار نہیں کی جائے گی ۔حالیہ برسوں کے دوران لاہو رمیں ا س اصول پر سختی سے عمل درآمد کیا گیا ہے۔انہو ں نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لئے حاصل کی جانے والی جائیدادوں کا ابھی تک 16ارب روپے سے زائد معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے گرانٹ ان ایڈ کے طور پر دو ارب روپے ایسے لوگوں کو معاوضہ ادا کرنے کے لئے فراہم کئے جن کے پاس اپنے زیر قبضہ جائیدادوں کے ملکیتی ثبوت بھی نہ تھے ۔معاوضے کی ادائیگی کے بارے میں تقریبا 40 مقدمات دائر گئے جن میں سے صرف چار باقی رہ گئے ہیں باقی افراد نے مقدمات سے رضا کارانہ طور پر دستبردار ہو کر معاوضہ وصول کر لیا ہے ۔ ابتدا میں جن لوگوں نے غلط فہمی کی بنیاد پر جلوس نکالے وہ اصل صورتحال معلوم ہونے پر معاوضہ وصول کرنے کے لئے بخوشی تیار ہو گئے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1