چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارروائی،21بھکاری بچوں کو تحویل میں لے لیا

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارروائی،21بھکاری بچوں کو تحویل میں لے لیا

لاہور(خبرنگار) چیئر پرسن چائلڈپروٹیکشن بیورو صبا صادق کی ہدایت پر بیورو کی ریسکیو ٹیم کی جانب سے انسداد گداگری مہم جاری ہے۔ چائلڈپروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیم نے اس مہم کے دورانے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائی کے دوران21بھکاری بچوں کو تحویل میں لے لیا جن میں 20لڑکے اور1لڑکی شامل ہے۔ ان تمام بچوں کو کریم بلاک، مون مارکیٹ، اکبر چوک، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، شوکت خانم چوک، جوہر ٹاؤن، ڈیفنس موڑ اور دیگر علاقوں میں گرینڈ ریسکیو آپریشن کے ذریعے تحویل میں لیا گیا۔اس ریسکیو آپریشن کے دوران سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور پولیس کی ٹیموں کا تعاون بھی شامل تھا۔ تحویل میں لئے گئے بچوں کی عمریں 5سال سے 14سال کے درمیان ہیں اور ان تمام بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن کورٹ میں پیش کرنے کے بعد قانونی تحویل حاصل کی گئی ۔عدالت کے حکم پر ان بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ میں منتقل کر دیا گیا جہاں ان بچوں کو رہائش اور خوراک کی تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں نیز ان بچوں کے والدین سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ شہر سے بھکاریوں کی تعداد کو کم کرنے کیلئے انسدادگداگری مہم جاری ہے اور رمضان کے دوران بھی یہ مہم جاری رہے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1