ٹیوٹارمضان میں200 ہنر مند نوجوانوں کودبئی اور ملائشیاء بھجوائے گی

ٹیوٹارمضان میں200 ہنر مند نوجوانوں کودبئی اور ملائشیاء بھجوائے گی

لاہور ( پ ر):ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)رمضان المبارک کے دوران میں200 ہنر مند نوجوانوں کودبئی اور ملائشیاء بھجوائے گی جنہیں تقرر نامہ اور ویزے جاری ہو چکے ہیں۔ پہلی کھیپ کے طور پر 27نوجوانوں کو دونوں ممالک میں بھجوایا جا رہا ہے جن کی کم ازکم ماہانہ تنخواہ 45ہزار روپے ہو گی جبکہ دیگر مراعات اس کے علاوہ ہونگی۔ چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ان خیالات کا اظہار ٹیوٹا پاس آؤٹس کو ویزہ فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی ،دیگرٹیوٹا افسران اور ویزہ و تقرر نامہ حاصل کرنے والے نوجوان موجودتھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا کے باقی 173ہنر مندوں کواگلی فلائٹس کے ذریعے دونوں ممالک میں بھجوا یا جائے گا۔ الغریر کمپنی ابوظہبی اور ایکور مین پاور ریسورس برائے پراجیکٹ آف پیٹروناس ملائشیاء ٹیوٹا کے نوجوانوں کو فٹر ، ایلومینیم اور کنسٹرکشن شعبہ جات میں روزگار فراہم کررہی ہے۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے کہا کہ یو اے ای ، قطر، ملائشیاء ، بحرین ، کویت اور سعودی عرب کے بہت سے اداروں نے ٹیوٹا کے فارغ التحصیل نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے رابطے کر رہے ہیں ۔ٹیوٹا ان آرگنائزیشنز کے ساتھ نوجوانوں کو بہتر روزگار فراہم کرنے کیلئے بات چیت کر رہی ہے ۔ ان ممالک سے رابطے صوبہ پنجاب کی ماہر افرادی قوت کو روزگار کی فراہمی اور انہیں بیرون ممالک اپنی قابلیت کو ثابت کرنے میں مدد گار ثابت ہونگے۔

مزید : کامرس