وزارت داخلہ کی بلیک لسٹ میں موجود آسٹریلوی خاتون سیاح ڈی پورٹ
راولپنڈی(اے این این) پاکستان نے بلیک لسٹ میں موجود آسٹریلین خاتون سیاح کو واپس بھیج دیا۔آسٹریلیا کی کرسٹینا پٹریکیا برک نامی یہ سیاح گزشتہ روزاومان ایئر کی فلائٹ ڈبلیو وائی 345کے ذریعے اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو ایئر پورٹ پر پہنچی تھی ۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ایئر پورٹ پرخاتون کی امیگریشن اور سفری دستاویزات کی چیکنگ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اس خاتون کا نام وزارت داخلہ نے بلیک لسٹ میں ڈال رکھا ہے جس پر سیاح خاتون کو دوسرے فلائیٹ سے واپس آسٹریلیا بھیج دیا گیا۔خاتون کی جانچ پڑتال بائیو میٹرک سسٹم کی ذریعے کی گئی تاہم آسٹریلوی سیاح کا نام بلیک لسٹ میں ڈالے جانے کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ سیاح اپنے گروپ کے ساتھ گلگت کے نانگا پربت سیاحتی مقام پر جانا چاہتی تھی لیکن اسے ایئر پورٹ سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔اس خاتون کو اومان ایئر کی اگلی پرواز نمبر 346کے ذریعے واپس آسٹریلیا بھیج دیا گیا تاہم اس کے گروپ کو باہر جانے کی اجازت دے دی گئی ۔