مرید کے میں وقف املاک کی زمین ناجائز قابضین سے واگزار

مرید کے میں وقف املاک کی زمین ناجائز قابضین سے واگزار

لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاورق کی ہدایت پر موضع داؤکے جی روڈ مرید کے میں واقع کروڑوں روپے مالیت کی اراضی تعدادی چارکنال 19مرلے ناجائز قابضین سے واگزار کروا لی گئی ،اراضی مذکورہ پر متروکہ وقف املاک بورڈ پہلے ہی ڈویلپمنٹ کے لیے اخبارات میں اشتہار جاری کر چکاہے جبکہ قبضہ گروپ نے مقامی ایم پی اے کی پشت پناہی پر اس اراضی پر قبضہ جما رکھا تھا۔ایڈمنسٹریٹر ننکانہ زون وہاب گل ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرمحمد اسحاق نے بورڈ کے سیکورٹی گارڈ اور دیگر عملہ کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر ناجائز قابضین سے ٹرسٹ بورڈ کی ملکیتی کروڑوں روپے کی اراضی واگزار کروا کر دوبارہ اراضی پر اپنا قبضہ حاصل کیا ،اس کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر مریدکے اور پولیس کی بڑی تعداد بھی شامل تھی ۔چیئرمین متروکہ وقف املاک بور ڈ محمد صدیق الفاورق نے کہا ہے قابضین کو قانون کے مطابق کرایہ دار بنانے کے لیے تیار ہیں ۔ قبضہ گروپوں کے خلاف بلا خوف و خطر کروائی جاری رہے گی، ٹرسٹ کی زمینیں محفوظ بنانے کے لیے تمام ترعملی اقدامات کیے جائیں گے ۔

مزید : علاقائی