پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایک روزہ تربیتی ورکشاپ

پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایک روزہ تربیتی ورکشاپ

لاہور(خبرنگار) پنجاب یونیورسٹی سنٹر آف ایکسی لینس ان مالیکولر بائیولوجی کے زیر اہتمام کانگریس آف مالیکولر بائیولوجی اور نیشنل اکیڈمی آف ینگ سائنٹسٹ کے اشتراک سے کرسپر / سی اے ایس 9 کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نعیم خان مہمان خصوصی تھے جبکہ شعبہ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر طیب حسنین، فیکلٹی ممبران اور نسٹ، نبگی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کنئیرڈ کالج لاہور، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور، سائنس کالج لاہور، یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف ایجوکیشن اور پنجاب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے50 سے زائد سائنسدانوں نے ورکشاپ میں شرکت کی۔ اس موقع پر امریکہ کی یونیورسٹی آف کیمبرج کے خیام جاوید نے کرسپر ٹیکنالوجی پر ورکشاپ کے شرکاء کو عملی تربیت دی۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نعیم خان نے منتظمین کو کامیاب قومی ورکشاپ کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسی ورکشاپس کے انعقاد سے ہم انوویشن کی جانب قدم بڑھا سکتے ہیں۔ ڈائریکٹر کیمب پروفیسر ڈاکٹر طیب حسنین نے کہا کہ ایسی ورکشاپس کے انعقاد کا مقصد محققین کو نت نئی ٹیکنالوجیز سے متعارف کرانا اور نئی نئی تبدیلیوں سے آگاہ رکھنا ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر ڈاکٹر طیب حسنین نے شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4