جماعت اسلامی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،محمد حسین محنتی

جماعت اسلامی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،محمد حسین محنتی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت اپنے بنیادی فرائض سے غفلت برتتے ہوئے لوٹ مار اور کرپشن میں مصروف ہے، مہنگائی نے عوام سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی نے جماعت اسلامی حسین آباد اور الخدمت کے تعاون سے لگائے گئے بچت بازارکے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی اور سابق ایم پی اے یونس بارائی، امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان، سیکریٹری جنرل ضلع وسطی محمد یوسف، نائب امیر منیر یعقوب اور دیگر بھی موجود تھے۔ الخدمت بچت بازار میں فیکٹری نرخوں پر بغیر کسی منافع کے جماعت اسلامی کے کارکنان نے مختلف اشیائے خورد ونوش جس میں آٹا، چاول، گھی، تیل، دالیں، مصالحہ، چائے، دودھ، شربت اور دیگر کے اسٹال لگائے گئے تھے۔ محمد حسین محنتی نے بازار میں خریداری کے لئے آنے والے شرکاء سے بھی ملاقاتیں کی اور اُن کے تاثرات معلوم کئے جس پر عوام نے جماعت اسلامی کی اس سر گرمی کو بے حد سراہا۔ نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی نے بازار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی’’بچت بازار‘‘ کے تحت غریب عوام کو اشیاء خور دونوش ارزاں قیمتوں پر فراہم کر رہی ہے تاکہ زندگی گزارنے کی بنیادی ضروریات عوام کی پہنچ میں آسکیں۔ جماعت اسلامی عوام کی فلاح کے لئے تعلیم، صحت اور خوراک کی ضروریات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ کرپشن اور بد عنوانیوں کے باعث ملک میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے جماعت اسلامی عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادیں سہولتیں فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے اور جماعت اسلامی ہی میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ عوام کو بنیادی حقوق سمیت غربت ، مہنگائی جیسے مسائل سے نجات دلائے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر