الخدمت 6ہزار یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ،نعمت اللہ خان

الخدمت 6ہزار یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ،نعمت اللہ خان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سابق ناظم کر اچی نعمت اللہ خان نے کہاہے کہ الخدمت ملک بھر میں آرفن کیئر پروگرام کے تحت یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ،عالمی ادارے یو نیسیف کے مطابق ملک بھر میں 42 لاکھ بچے یتیم ہیں ،جو زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ،الخدمت ملک بھر میں 6ہزار یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ،یہ با ت انہوں نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہی،نعمت اللہ خان نے کہا کہ رواں سال 10 ہزار بچوں کی کفالت کا ہدف مقرر ہے جسے پورا کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ یتیموں کی کفالت اللہ کے قرب کے حصول کا ذریعہ اور نبی مہربان محمدؐکی سنت ہے ،انہوں نے کہا کہ مہنگا ئی وبے روزگاری وہ عناصر ہیں جو لوگوں کی زندگیوں میں مشکلات پیدا کرتے ہیں لیکن یہ مشکلات اس خاندان پراس وقت بڑھ جاتی ہیں جب گھر کا کفیل دنیا میں نہ رہے اور خاندان کا کو ئی پرسان حال بھی نہ ہو،نعمت اللہ خان نے کہا کہ الخدمت ہر یتیم بچے کی کفالت 3ہزار روپے ماہا نہ اور 36ہزارروپے سالا نہ سے کر رہی ہے اور اگر کسی یتیم بچے کو یہ مدد حاصل ہو تو وہ یقیناًاپنی تعلیم بہتر طور پر جاری رکھ کر معاشرے کا با وقار شہری بن سکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ الخدمت یتیموں کی کفالت کر کے ان میں موجود احساس محرومی ختم کر نا چاہتی ہے ،یتیموں کی کفالت اجر وثواب بھی بڑا ہے ،نعمت اللہ خان نے کہا کہ یتیموں کفالت کے اس عظیم مقصدمیں اہل خیر افراد الخدمت کا بھر پور ساتھ دیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر