نامعلوم افراد کی فائرنگ ، لاکالج کے پرنسپل بیرسٹر امان اللہ خان جاں بحق

نامعلوم افراد کی فائرنگ ، لاکالج کے پرنسپل بیرسٹر امان اللہ خان جاں بحق
نامعلوم افراد کی فائرنگ ، لاکالج کے پرنسپل بیرسٹر امان اللہ خان جاں بحق

  

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) نامعلوم افراد کی فائرنگ سے یونیورسٹی لاکالج کے پرنسپل بیرسٹر امان اللہ خان اچکزئی  جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بیرسٹر امان اللہ علی الصبح گھر سے کالج کیلئے نکلے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے تعاقب کرنے کے بعد ان پر فائرنگ کردی اور انہیں زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ فائرنگ کا واقعہ پیش آنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مضروب کو ہسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر امان اللہ اچکزئی  کو 12 سے تیرہ گولیاں لگی ہیں جس کی وجہ سے ان کا بچنا ممکن نہیں ہوسکا۔ دوسری طرف پولیس اور لیویز حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ جائے واردات سے شواہد بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

دوسری طرف نوجوان پرنسپل کے فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے کے خلاف کوئٹہ شہر میں بڑی تعداد میں وکلا جمع ہوگئے اور بیر سٹر امان اللہ اچکزئی کی لاش لے کر گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دے دیا۔ چیف جسٹس آف بلوچستان ہائیکورٹ بھی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ہسپتال پہنچ گئے ۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر قاتلوں کی گرفتاری کی ہدایت کردی ہے۔ 

مزید : کوئٹہ