کرپشن کیس : احتساب عدالت نے خالد لانگو کو ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت نے سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو کو نیب کے حوالے کردیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ کی احتساب عدالت نے میگا کرپشن سکینڈل میں ملوث ملزم خالد لانگو کا 14روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب کے حوالے کردیا ہے ۔ ا س سے قبل آج انہیں رینجرز کی تحویل میں ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں نیب کے وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ملزم کو تفتیش کیلئے نیب کے حوالے کیا جائے ۔
روزنامہ پاکستان کی اینڈرائڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران سماعت عدالت نے ملزم سے پوچھا کہ اگر انہیں کوئی مشکلات ہیں تو عدالت کو آگاہ کیا جائے جس پر خالد لانگو نے بتایا کہ انہیں زمین پر سلایا جاتا ہے تاہم انہیں سونے کیلئے کالین فراہم کیا جائے اور پنکھے کی سہولت بھی دی جائے ۔ اس کے علاوہ مطالعے کیلئے اخبار بھی مہیا کیا جائے ۔
میر خالد لانگو نے عدالت سے التجا کی کہ میرے 4 رشتے داروں کو مجھ سے ملنے کی اجازت بھی دی جائے اور رمضان المبارک میں ضروری اشیاء کی فراہمی کی اجازت دی جائے ۔جس پر تفتیش افسر نے عدالت کو بتایا کہ خالد لانگو کیلیےپیزااور کولڈ ڈرنگ بھی باہر سےآئی جس کی ہم نےاجازت دی تاہم اگر انہیں یہ تمام سہولتیں مہیا کی گئی تو دیگر قیدی بھی ان سہولتوں کا مطالبہ کریں گے ۔
روزنامہ پاکستان کی خبریں اپنے ای میل آئی ڈی پر حاصل کرنے اور سبسکرپشن کیلئے یہاں کلک کریں
ذرائع کا کہناہے کہ نیب وکیل کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کا مزید 14روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب کے حوالے کردیا ہے ۔
یاد رہے کہ اس کیس میں خالد لانگو کے علاوہ سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کا نا م بھی شامل ہے جو مرکزی ملزم ہیں اور مشتاق رئیسانی کے گھر سے پیسے برآمد ہونے کے بعد میر خالد لانگو بھی مستعفیٰ ہو کر شامل تفتیش ہوئے تھے ۔