ہالی ووڈ کا مشہور مصنف مولانا رومی کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے تیار

ہالی ووڈ کا مشہور مصنف مولانا رومی کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے تیار
ہالی ووڈ کا مشہور مصنف مولانا رومی کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے تیار

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )ہالی وڈ کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’گلیڈی ایٹر‘ کے مصنف ڈیوڈ فرنزونی تیرہویں صدی کے مشہور صوفی شاعر اور مفکر مولانا جلال الدین رومی کی زندگی پر فلم بنانے جارہے ہیں جس میں آسکر ایوارڈ یافتہ لیونارڈو ڈی کیپریو اور شمس تبریزی کا کردار رابرٹ ڈاﺅنی جونیئر ادا کریں گے۔

فلم کے مصنف ڈیوڈ کا کہنا ہے کہ یہ فلم مغربی سنیما میں مسلمانوں کے بارے میں غلط تصورات کو ختم کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’رومی ایک ایسا شاعر ہے جو لوگوں کی زندگیوں اور معاشروں پر اثرانداز ہوا۔ ایسے لوگ کی شخصیت کو زیادہ سے زیادہ کھوجنے کی ضرورت ہے‘۔ڈیوڈ فرونزنی نے گزشتہ ہفتے ترکی کا دورہ کیا ہے جہاں وہ مولانا رومی کی تعلیمات کے ماہرین سے ملے اور وہاں انہوں نے رومی کے مزار کا دورہ بھی کیا۔ان کا کہنا ہے کہ نئی نسل رومی کی شاعری اور الفاظ کی تو دلداہ ہے لیکن ان کی زندگی کے بارے میں زیادہ نہیں جانتی اس لیے فلم بنانے کا مقصد یہی ہے کہ مولانا رومی کو دنیا کے سامنے پیش کر سکیں۔ڈیوڈ کے مطابق ان کے سامنے اصل چیلنج رومی کی زندگی کو ایک تسلسل کے ساتھ پیش کرنا ہے جبکہ رومی کی زندگی کے کئی اوراق اندھیرے میں ہیں اور تاریخ ان کے بارے میں کچھ نہیں بتاتی۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح رومی کی زندگی کے ایک کردار حضرت شمس تبریزی اچانک ہی ان کی زندگی میں آئے اور اسی طرح اچانک غائب ہوگئے۔

واضح رہے رومی کی تصنیفات امریکا میں بیسٹ سیلر میں شمار ہوتی ہیں۔ فلم کی شوٹنگ اگلے سال سے شروع کردی جائے گی۔

مزید : تفریح