شناختی کارڈز کی تصدیق کیلئے شروع کی جانے والی مہم مقررہ وقت میں مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے : وزیر داخلہ کی نادرا حکام کو ہدائت

شناختی کارڈز کی تصدیق کیلئے شروع کی جانے والی مہم مقررہ وقت میں مکمل کرنے کو ...
 شناختی کارڈز کی تصدیق کیلئے شروع کی جانے والی مہم مقررہ وقت میں مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے : وزیر داخلہ کی نادرا حکام کو ہدائت

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں شناختی کارڈوں کی تصدیق کیلئے شروع کی جانے والی مہم مقررہ وقت میں مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے ٗکم از کم وقت میں تصدیق کیلئے مطلوبہ سسٹم مہیا کیا جائے۔

اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ شناختی کارڈوں کی تصدیق کا کام چھ ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جائے اور اس سلسلہ میں کسی بھی سطح پر نادرا کے کسی اہلکار کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا نے 105 ملین شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کو موبائل کے ذریعے پیغام بھیجنے کیلئے بھی مدت مقرر کی ہے جس پر عملدرآمد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کا یہ اہم مقصد صرف اس وقت حاصل ہوگا جب شناختی کارڈز کی تصدیق کے عمل کو کامیاب بنا کر نادرا کے ڈیٹا بیس کے حوالہ سے بدگمانیوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ چیئرمین نادرا نے شناختی کارڈوں کی تصدیق کے حوالہ سے عوام الناس کی آگاہی کے سلسلہ میں نادرا کی جانب سے تیار کی جانے والی خصوصی میڈیا مہم کے بارے میں وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کی جانب سے مفرور ملزمان کے حوالہ سے تیار کئے جانے والے سنٹرل ڈیٹابیس فارمیٹ کی بھی منظوری دی۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے، آئی سی ٹی پولیس اور اے این ایف نے مرکزی ڈیٹا بینک کیلئے اب تک 60 ہزار 678 مفرور ملزمان کا ریکارڈ فراہم کیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد پولس نے اپریل سے لے کر اب تک 1196 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ نادرا کے تیار کردہ سنٹرل ڈیٹا بیس سے استفادہ کے ذریعے مفرور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ایف آئی اے، اے این ایف اور اسلام آباد پولیس کو بھی ہدایت کی کہ وہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے آپریشن کو تیز کریں جو مختلف مقدمات میں ملوث ہیں اور ان سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ چوہدری نثار علی خان نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ وہ بھرتیوں کے حوالہ سے شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام تشکیل دیں تاکہ باصلاحیت نوجوانوں کو اسلام آباد پولیس میں بھرتی کیلئے مساوی مواقع فراہم کئے جا سکیں ۔

مزید : قومی