رواں سال کے آخر تک سیلز ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگی خوش آئند اقدام ہے
لاہور(کامرس رپورٹر) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ڈویژن کی صدر شازیہ سلیمان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو پروان چڑھانے کے لیے انڈسٹری اور کاروباری افراد کو ریلیف دینا وقت کی ضرورت ہے جس کے لیے اقدامات اٹھانے چائیے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے رواں سال کے آخر تک سیلز ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگی خوش آئند اقدام ہے کیو نکہ سیلز ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگی سے ملکی برآمدات پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے ۔اور برآمد کنندگان جو سرمائے کی قلت کے باعث پریشان تھے اور مالی مشکلات کا شکار تھے اب ریلیف ملنے سے ملکی اشیاء بیرون ملک ارسال کرکے حکومتی ریونیو میں اضافہ بھی کرینگے۔گزشتہ روز جاری کر دہ بیان میں شازیہ سلیمان نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) انڈسٹری اور کمرشل برآمد کنندگان کو ایک جیسی مراعات دیں تاکہ معیشت کا رکا ہوا پہیہ مسلسل رواں دواں رہے اور معاشی سرگرمیاں پروان چڑھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس ریفنڈ سے برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوگی اور ملکی معیشت استحکام پذیر ہوگی تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت انڈسٹری اور کاروباری افراد کو ریلیف سے ہمکنار کرے۔