ایل ڈی اے کا جوہری ٹاؤن میں آپریشن ، 15کنال قیمتی اراضی واگزار

ایل ڈی اے کا جوہری ٹاؤن میں آپریشن ، 15کنال قیمتی اراضی واگزار

  

لاہور (اپنے خبر نگار سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اپنی سکیموں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ پچھلے کئی ماہ سے شروع کر رکھا ہے ،اسی سلسلے میں ایل ڈی اے نے جوہر ٹاؤن میں آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات مسمار کر کے قبضہ شدہ 15 کنال اراضی کو واگزار کروا لیا۔تفصیلات کے مطابق مسماری کا عمل رکوانے کے لئے ہائیکورٹ کے وکلاء کو بھی مدعو کیا گیا تھا تاہم وہ ایل ڈی اے حکام کے سامنے بے بس نظر آئے۔ حکام نے بھاری مشینری کے ذریعے زیر تعمیر گھروں کے لینٹر، دیواریں اور گیٹ توڑ دیئے، حکام کے مطابق اراضی پر قبضہ کر کے بغیر نقشہ منظوری تعمیرات کی جا رہی تھیں۔تاہم اراضی پر گھر تعمیر کرنے والے شہری کا کہنا تھا کہ ایل ڈی اے افسران صرف ذاتی عناد کی وجہ سے تعمیرات کو مسمار کر رہے ہیں اور عدالت میں ایل ڈی اے کے اس اقدام کو چیلنج کیا جائے گا۔ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا کے شکوؤں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آئندہ بھی شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر مقامی شہریوں نے ایل ڈی اے کے آپریشن کو سراہا اور اسے جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -