حضرت علیؓ کے یوم شہادت کا جلوس،سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس

حضرت علیؓ کے یوم شہادت کا جلوس،سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس

  

لاہور(جنرل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لاہور سمیرا حمد سید کی زیر صدارت حضرت علیؓ کے یو م شہادت بروز21 رمضان المبارک کو نکلنے والے جلوس کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس نادر ہال میں ہوا۔اجلاس میں سی ٹی او لاہوررائے اعجاز ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( ہیڈ کوارٹر) سندس ارشاد،ایس پی (سٹی)، اسسٹنٹ کمشنر ز،سول ڈیفنس،ریسکیو1122، لیسکو، واسا، سوئی گیس، ایل ڈبلیو ایم سی، لاہور پارکنگ کمپنی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ جلوس کے منتظمین نے شرکت کی۔

اجلاس میں جلوس کے منتظمین نے مطلوبہ انتظامات کے حوالے سے ڈی سی لاہور کو بریف کیا۔ منتظمین نے پچھلے سال کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور اس سال بھی ایسے انتظامات کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر سی ٹی او لاہور رائے اعجاز نے کہا کہ ٹریفک پولیس یوم شہادت حضرت علیؓ کے جلوس کے موقع پر بہتر انتظامات کرے گی۔ سی سٹی او لاہور نے کہا کہ ڈائیورشن اور پارکنگ کے بہتر انتظامات کیے جائیں گے۔ ایس پی (سٹی) نے بتایا کہ یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر نکلنے والے جلوس کی سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور سمیرا حمد سید نے ایم او (انفراسٹرکچر) کو ہدایت کی کہ جلوس کے روٹ کی سڑکوں پر پیچ ورک کے کام کو جلد مکمل کریں اور لائٹنگ کا مناسب بندوبست کیا جائے اور جلوس کے روٹ سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائیں۔ ڈی سی لاہور نے لیسکو حکام کو ہدایت کی کہ وہ جلوس کے روٹ سے لٹکتی تا روں کو فوری طور پر ہٹائیں ۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس جلوس کے روٹ پر گیس لیکیج کو چیک کریں۔ انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ جلوس کے روٹ پر مین ہولز کو چیک کریں اگر کسی جگہ پر کھلے مین ہولزہیں تو ان کو فور ی طور پر بند کروائیں۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی جلوس کے روٹ پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پارکنگ کمپنی ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر گاڑیوں کی پارکنگ کے انتظامات کریں۔ڈی سی لاہور نے محکمہ سول ڈیفنس کو ہدایت کی کہ 21رمضان المبارک یو م شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر رضا کاروں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور سول ڈیفنس کا بم سکواڈ جلوس کے روٹ کو چیک کریں۔ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر کیمرے نہ ہیں وہاں پر کیمرے لگائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ڈی سی آفس کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ تمام محکمے ملکر بہترین انتظامات کریں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -