نبی کریم کی سیرت طیبہؐ مثالی نمونہ اور روشنی کا مینار ہے،امیر حمزہ
لاہور(پ ر))نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ مثالی نمونہ اور روشنی کا مینار ہے۔آپؐ بچوں سے بے حد شفقت اور محبت فرمایا کرتے تھے ۔نئی نسلوں کی تعلیم و تربیت اسلامی خطوط اور اسوۂ حسنہ کی روشنی میں کریں۔ ان خیالات کااظہار معروف عالم دین اور تحریک حرمت رسول کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان‘ شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں جاری اپنی نوعیت کے منفرد پروگرام نظریاتی سمر سکول کے 17ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے تیسرے روز ’’سیرت النبیؐ کی روشنی میں بچوں کی تعلیم و تربیت‘‘ کے موضوع پر طلبا و طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید اور پروفیسر ڈاکٹر پروین خان بھی موجود تھے۔ نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے جو ایک ماہ تک جاری رہے گا ۔پروگرام کی نظامت کے فرائض نظریاتی سمر سکول کی طالبہ قندیل ظہیر نے انجام دیے۔مولانا امیر حمزہ نے کہا کہ بچپن ایک خوبصورت احساس کا نام ہے اور انسان عمر بھر بچپن کی یادیں نہیں بھولتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ حسن اخلاق کے پیکر تھے اور آپؐ بچوں سے بے حد شفقت اور محبت کا برتاؤ کیا کرتے تھے۔آپؐ نے بچوں کو لڑائی جھگڑا کرنے سے منع فرمایا اور ہمیشہ سچ بولنے کا درس دیا۔