پاناما کیس ، تحریک انصان نے جے آئی ٹی پر الزامات کو سپریم کورٹ پر حملہ قرار دے دیا

پاناما کیس ، تحریک انصان نے جے آئی ٹی پر الزامات کو سپریم کورٹ پر حملہ قرار ...

اسلام آباد (اے این این) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی پر الزامات سپریم کورٹ پر حملہ ہے، پہلے ہی کہا تھا وزیراعظم کی موجودگی میں آزادانہ تحقیقات نہیں ہوسکتیں جبکہ فواد چودھری نے کہاہے کہ تاریخ میں پہلی بار شریف خاندان کااحتساب ہورہا ہے۔سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی کی جانب سے رپورٹ جمع کرانے کے موقع پرتحریک انصاف کے رہنما بھی موجود تھے ،اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بھی میڈیاسے گفتگو کی۔جہانگیر ترین نے کہا کہ شریف خاندان کی طرف سے جے آئی ٹی کی تحقیقات میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں لہٰذا پاناما کیس کی آزادانہ تحقیقات کیلئے وزیراعظم کو کرسی چھوڑ دینی چاہئے اور سپریم کورٹ نواز شریف کو استعفیٰ دینے کا حکم دے۔جہانگیر ترین نے کہا کہ جے آئی ٹی پر الزامات سپریم کورٹ پر حملہ ہے جبکہ جے آئی ٹی پر مزید حملوں کی تیاریاں کی جا رہی ہیں جس کے باعث اس پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔اس موقع پر فواد چودھری نے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار شریف خاندان کااحتساب ہورہا ہے چونکہ پہلی بار ہے اور نیا نیا کام ہے اس لیے آنسو تھمنے کا نام نہیں لے رہے ،جب سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا تھا تو مٹھائیاں بانٹی جا رہی تھیں مگرمٹھائیاں بانٹنے والوں کو ہم نے مشورہ دیا تھا کہ پہلے اس فیصلے کا اردو ترجمہ تو پڑھ لو، اب جب جے آئی ٹی حسین اور حسن نواز کو طلب کر رہی ہے تو ٹسوے بہائے جا رہے ہیں۔

مزید : علاقائی