رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں جرائم نسبتا کم رہی : ڈاکٹر حیدر اشرف

رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں جرائم نسبتا کم رہی : ڈاکٹر حیدر اشرف

لاہور (کرا ئم ر پو رٹر)ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے رمضان المبارک کے اگلے دو عشروں کے دوران روزانہ کومبنگ آپریشنز کا حکم دے دیا۔ رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران جرائم کی شرح نسبتاََ کم رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز اپنے دفتر میں افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا ۔اس موقع پر تمام ڈویژنل ایس پیز کے علاوہ ایس پی سیکورٹی عبادت نثار ، ایس انٹی رائٹ محمد نوید ، ایس پی موبائل فیصل شہزاد، ایس پی ہیڈ کوارٹرز عاطف نذیر اور ایس پی وی وی آئی پی سیکورٹی فہد بھی موجود تھے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پر مزید کہا کہ رمضان المبارک کے اگلے دو عشرے سیکورٹی پلان کے حوالہ سے انتہائی اہم ہیں جس میں روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ آپریشنزکیے جائیں ۔گلی محلوں میں جا کر لوگو ں کے کوائف حاصل کیے جائیں جس طرح رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران تمام ڈویژنل ایس پیز نے جرائم کی شرح کو روکنے پر فوکس کیا ہے اسی طرح آئندہ 20دن کے دوران بھی اسی حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے پیڑولنگ پلان ترتیب دیاجائے ۔ انہوں نے چائینز کی سیکورٹی کے بارے میں کہا کہ شہر میں چائینز کی سیکورٹی کو از سر نو دیکھا جائے اور جہاں کہیں کمی پیشی ہو وہاں فوری معاملات پر عبور پایا جائے ۔ اشتہاریوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے اور فہرستوں کے مطابق تھانوں کے رہائشی اشتہاریوں پر ریڈ کر کے گرفتار کیا جائے ۔ روزانہ ہر تھانہ کی حدود پر اشتہاریوں پر ریڈ کیے جائیں تاکہ آئندہ 20دن کے دوران جرائم کی شرح مزید کم ہو سکے ۔ سنیپ چیکنگ کے لیے بنائی گئی ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں میں ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہیں جن کے ساتھ ڈویژنل ایس پیز مکمل تعاون کریں ۔ ایس پی سکیورٹی عبادت نثار نے اس موقع پر کہا کہ تمام ڈویژنل ایس پیز کو چائنیز کی سکیورٹی کے بارے میں مکمل SOP دے دی گئی ہے جس کے بعد وہ ساری چائنیزرہائش گاہوں اور دفاتر کا دورہ کر کے حفاظتی اقدامات مکمل کروائیں۔ اسی طرح روزانہ ہر ڈویژن کی سطح پر کامبنگ آپریشن کروائے جارہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

مزید : علاقائی