بھارت کشمیریوں کے غیر متزلزل جذبہ آزادی سے انتہائی بوکھلاہٹ کا شکار ہے، دختران ملت

بھارت کشمیریوں کے غیر متزلزل جذبہ آزادی سے انتہائی بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرینگر ( آن لائن )مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے غیر متزلزل جذبہ آزادی سے دراصل انتہائی بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکا ہے لہذا وہ کشمیراور کشمیریوں کے خلاف انتہائی مذموم ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔ تنظیم نے کہا کہ بھارتی تحقیقاتی ادا رے ’’ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی ‘‘ کی طرف سے حریت رہنماؤں، کارکنوں اور کشمیری تاجروں کے خلاف کریک ڈاؤن بھارتی بوکھلاہٹ کا ہی نتیجہ ہے۔ دختران ملت کی جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت دراصل کشمیریوں کی اقتصایات اور نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک بنانے کے درپے ہیں اور تاجروں کے خلاف کریک ڈاؤن اور تعلیمی اداروں پر یلغار اسی منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیر کا بچہ بچہ بھارت کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی قبضے کے خلاف نبرد آزما ہیں جبکہ طلبہ کی تحریک نے بھارت کو دم بخود کردیا ہے لہذا اسے اور اس کے گماشتوں نے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے انتہائی اوچھے ہتھکنڈوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔
ناہیدہ نسرین نے کہا کہ 2000 میں بھی حریت رہنماؤں پر اسی طرح کی الزام تراشیاں کی گئی تھیں لیکن کچھ ثابت نہیں ہو سکا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جان چکا ہے کہ کشمیری آزادی سے کم کسی بھی چیز پر راضی نہیں ہونگے لہذا انہیں زچ کرنے کے لیے انتہائی گھٹا اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ دریں اثنا ناہیدہ نسرین نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سمبل میں شہید ہونے والے کشمیریوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی بیش بہا قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ادھر کشمیرہائی کورٹ بارایسو سی ایشن نے بھی این آئی اے کی طرف سے حریت قیادت اور کشمیری تاجروں کے خلاف کارروائی کی شدید مزمت کرتے ہوئے لگائے جانے والے الزامات کو انتہائی غیر اخلاقی قرار دیدیا ہے۔ بار ایسی ایشن کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیاکہ چھاپوں کا واحد مقصد آزادی کی آواز کو دبانا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -