سمٹ بینک کے ڈیفالٹرز کی جائیداد اٹھارہ جولائی کو نیلام کرنے کاحکم

سمٹ بینک کے ڈیفالٹرز کی جائیداد اٹھارہ جولائی کو نیلام کرنے کاحکم

  

لاہور(نامہ نگار) بینکنگ عدالت نے سمٹ بینک کے ڈیفالٹرز شیخ امجد رحیم اینڈ سنز اور میسرز عبداللہ ٹینرز کی 3کنال کی جائیداد اٹھارہ جولائی کو نیلام کرنے کاحکم دے دیا ہے۔جج محسن رضا خان نے سمٹ بینک لبرٹی مارکیٹ برانچ کی درخواست پر سماعت کی، بینک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ شیخ امجد رحیم اینڈ سنز اور عبداللہ ٹینرز کے مالکان نے کاروبار کے لئے کینٹ میں واقع تین کنال کی جائیداد رہن رکھوا کر قرض لیا مگر ادائیگی بروقت نہیں کی جس پر بینک نے کمپنیوں کو ڈیفالٹر قرار دے دیا اور عدالت سے رجوع کیا۔بینک کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ قرض کی عدم ادائیگی پر ڈیفالٹر کمپنیوں کے خلاف 2کروڑ 44لاکھ روپے کی ڈگری بھی جاری ہو چکی مگر اس کے باوجود ڈیفالٹر کمپنیا ں بینک کی رقم ادا نہیں کر رہیں ،رقم کی ریکوری کے لئے بینک نادہندگان کی جائیداد نیلامی کا حکم دیا جائے۔ عدالتی حکم پر کورٹ آکشنر نے جائیداد نیلامی کا شیڈول اور تخمینہ رپورٹ پیش کی جس پر عدالت نے فریقین کے دلائل اور اعتراضات سننے کے بعد سمٹ بنک کے ڈیفالٹرز شیخ امجد رحیم اینڈ سنز اور میسرز عبداللہ ٹینرز کی تین کنال کی جائیداد 18جولائی کو نیلام کرنے کاحکم دیا۔

مزید :

علاقائی -