فیصل بینک کے نادہندگان کی جائیداد 5جولائی کو نیلام کرنے کاحکم

فیصل بینک کے نادہندگان کی جائیداد 5جولائی کو نیلام کرنے کاحکم

لاہور(نامہ نگار)بینکنگ عدالت نے فیصل بینک کے نادہندگان کی ایم اے جوہر ٹاؤن میں واقع ایک کنال جائیداد 5جولائی کو نیلام کرنے کاحکم دے دیا ہے۔جج قمر اعجاز نے فیصل بینک کی درخواست پر سماعت کی، بینک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایم اے جوہر ٹاؤن کے رہائشی حاجی عبداللہ اور سمیرا سلطانہ نے گھر کی تعمیر کے لئے ایک کنال کی جائیداد رہن رکھوا کر بینک سے قرض لیا مگر قرض کی رقم معاہدے کے مطابق ادا نہیں کی جس پر دونوں شہریوں کو ڈیفالٹر قرار دے دیا گیا اور عدالت کی جانب سے نادہندگان کے خلاف قرض کی عدم ادائیگی پر 89لاکھ کی ڈگری بھی جاری ہو چکی ہے ،رقم کی ریکوری کے لئے نادہندگان کی جائیداد نیلامی کا حکم دیا جائے، عدالتی حکم پر کورٹ آکشنر نے جائیداد نیلامی کا شیڈول پیش کیا جس پر عدالت نے شیڈول کی منظوری دیتے ہوئے فیصل بینک کے نادہندگان کی ایک کنال جائیداد 5جولائی کو نیلام کرنے کاحکم دے دیا ہے۔

مزید : علاقائی