لڑکی کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرنے کا مقدمہ ، ملزم کو 9جون تک ایف آئی اے کی تحویل میں دیددیا گیا

لڑکی کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرنے کا مقدمہ ، ملزم کو 9جون تک ایف آئی اے کی تحویل ...

لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے لڑکی کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو 9 جون تک ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل کے روبرو ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے ملزم عدیل لطیف کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو فائزہ شوکت کی درخواست پر گرفتار کیا گیا ہے، ملزم عدیل لطیف نے مدعیہ کا اکاؤنٹ ہیک کیا اور مدعیہ کی تصاویر فیس بک پر اپ لوڈ کرنے کے لئے بلیک میل بھی کرتا رہا، ملزم کے موبائل سے قابل اعتراض مواد برآمد کیا جا چکا ہے، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش مزید متنازعہ ڈیٹا اپنے کمپیوٹر میں رکھنے کا انکشاف کیا ہے ،ملزم کا 10روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد لڑکی کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو 9 جون تک ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا ہے۔

مزید : علاقائی