ناراض پارٹی رہنماؤں سے خود رابطے کریں،بلاول کو جیالوں کی تجویز

ناراض پارٹی رہنماؤں سے خود رابطے کریں،بلاول کو جیالوں کی تجویز

لاہور( شہزاد ملک سے ) چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ ان لوگوں سے خود رابطے کریں کہ جن کے متعلق پارٹی چھوڑ کر جانے کی افواہیں گردش کررہی ہیں اور سوشل میڈیا ،الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا میں پارٹی کا دفاع اچھے طریقے سے یقینی بنانے کے انتظامات کئے جائیں وگرنہ ایسا تاثر میڈیا پر آتا رہے گا کہ جیسے پنجاب میں پارٹی مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے،پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کو کارکنوں کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر میں بلایا گیا تھا لیکن انہوں نے شرکت نہ کرکے کارکنوں کو مایوس کیا ‘جیالے افضل بٹ کا چئیرمین سے شکوہ ‘آپ دوبارہ افطار ڈنر رکھیں کائرہ صاحب شرکت کریں گے چئیرمین کا جیالے کو جواب ‘ حاجی عزیز الرحمن چن کو لاہور کا دوبارہ صدر بنانے سے لاہور میں پارٹی دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہو گئی ہے ،جیالوں نے چئیرمین کے سامنے لاہور کے صدر کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز بلاول ہاؤس لاہور میں لاہور ڈوثیرن کے کارکنوں کے اعزاز میں چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دئیے گئے افطار ڈنر میں کارکنوں نے چئیرمین سے فردا فردا ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ذرائع نے اس اجلاس کی اندرونی کہانی کے بارے میں ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا کہ بیرسٹر میاں عامر حسن نے چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو تجویز دی کہ گزشتہ دنوں پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت قمر زمان کائرہ اور جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن کے بارے میں میڈیا میں یہ خبر آئی تھی کہ یہ لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہونے جا رہے ہیں جس کی قمر زمان کائرہ نے تو بھرپور انداز میں یہ کہہ کر تردید کردی کہ پیپلز پارٹی میرے لئے ایک ماں جیسی ہے جس کو چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ان کی اس تردید سے ابہام ختم ہو گیا ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ندیم افضل چن کی طرف سے بھی اسی طرح کی ایک ٹھوس تردید میڈیا کو جاتی جس پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کے علاج کے سلسلے میں کینیڈا میں ہیں لیکن میں نے ان کی طرف سے بھی ایسی خبروں کی تردید کی ہے جس پر بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ آپ خود چن صاحب سے رابطہ کریں اور میڈیا پر پارٹی کے دفاع کو یقینی بنائیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عابد حسین صدیقی نے چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے کہا کہ آپ نے پنجاب اور لاہور میں اپنے لئے ایک بہترین ٹیم کا انتخاب کیا ہے جب سے حاجی عزیز الرحمن چن لاہور کے صدر بنے ہیں تب سے ہی پارٹی کے اندر ایک نئی جان پڑ گئی ہے ۔

مزید : صفحہ اول