جوڈیشل افسروں کے بچوں کو پرائیویٹ سیکٹر میں رعایتی فیسوں پر تعلیم دلوانے کیلئے پالیسی بنانے کا فیصلہ

جوڈیشل افسروں کے بچوں کو پرائیویٹ سیکٹر میں رعایتی فیسوں پر تعلیم دلوانے ...

لاہور(نامہ نگارخصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جوڈیشل افسروں اور ہائیکورٹ کے افسروں کے بچوں کے روشن مستقبل کے لئے بڑا قدم اٹھا لیا، جوڈیشل افسروں کے بچوں کو پرائیویٹ سیکٹر میں رعایتی فیسوں پر تعلیم دلوانے کے لئے پالیسی بنانے کا فیصلہ کر لیا گیاہے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر جوڈیشل افسروں اور عدالتی افسروں کے بچوں کی بہترین تعلیم کے لئے 10جون کو اجلاس طلب کیا گیا ہے، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے بیکن ہاؤس سکول سسٹم، لاہور گرائمر سکول، سٹی سکول سسٹم کے چیئرمینز کو اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے، جوڈیشل افسروں کے بچوں کو رعایتی فیس پیکج کے اجلاس میں دی لاہور لائیسم کے چیئرمین کو بھی مدعو کیا گیا، ہائیکورٹ کے افسروں اور جوڈیشل افسروں کے بچوں کو رعایتی فیس پیکج دینے کے لئے اس اجلاس میں پالیسی بنائی جائے گی ۔چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ اچھی اور معیاری تعلیم ضلعی عدلیہ کے ججز اور ہائیکورٹ ملازمین کے بچوں کا حق ہے۔

مزید : صفحہ آخر