تصویر پرواویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے،محمود الر شید

تصویر پرواویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے،محمود الر شید

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کہا کہ حسین نواز کی خود تصویر جاری کر کے واویلا کرنا چور مچائے شور کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واویلا کرنے والوں کو کوئی بتائے تضحیک کی بات حسین کی تصویر نہیں بلکہ کرپشن اور ملک لوٹنے کے الزامات ہیں، حکمران خاندان بار بار گلا پھاڑ کر کہتا رہا ہے کرپشن کی تحقیقات ہونے دیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا اب جب وقت آیا ہے تو ان کے اوسان خطا ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا شریف خاندان کا اگر دامن صاف ہے تو گھبرائیں نہ بلکہ تحقیقات کا سامنا کریں ابھی تو وزیر اعظم اور مریم نواز کی بھی باری آنے والی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے بیان پر اپنے ردعمل میں انکا کہنا تھا کہ تصویر میں حسین نواز کرسی پر باعزت تو بیٹھے ہیں ۔ حسین نواز کو کرسی ، سائیڈ ٹیبل ، پنسل ، کاغذ ، فائل سب سہولتیں تو حاصل ہیں، اس پر اعتراض تو ہمارا بنتا ہے کہ مبینہ کرپشن کے سنگین الزامات کی تحقیقات کیلئے ملزم کو اتنی عزت و تکریم کیوں دی گئی، ایک سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ شریف خاندان کا کبھی احتساب ہوا ہی نہیں، مشرف دور میں احتساب شروع ہونے سے پہلے ہی شریف خاندان ڈیل کر کے جدہ چلا گیا احتساب ہوا ہوتا تو آج سب جیل ہوتے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نے گزشتہ پانچ سال قانون کی بالادستی کی بہت باتیں کیں اب خود قانون کی بالادستی کو ماننے کو تیار نہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -