پنجاب میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب تیز بارش، چھتیں گرنے سے 4افراد جاں بحق، 2بچے زخمی

پنجاب میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب تیز بارش، چھتیں گرنے سے 4افراد جاں بحق، ...

کمالیہ، پاکپتن،لاہور، جھنگ ، ملتان(آن لائن)پنجاب کے مختلف شہروں میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب تیز بارش کے بعد کچی چھتیں گرنے کے 2مختلف واقعات میں 4افراد جاں بحق اور2 بچے زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کمالیہ میں اڈا کوٹ کھتیران میں آندھی کے باعث ایک دربارکی چھت گرگئی جس کے باعث سے 3افراد جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی عمریں 50 سے 60سال کے درمیان تھیں جو مختلف شہروں سے دربار میں حاضری کیلئے آئے ہوئے تھے۔ادھر پاکپتن میں چک31ایس پی میں بارش کے بعد مکان کی کچی چھت گر نے سے ایک خاندان سے تعلق رکھنے والی 45سالہ ارشاد بی بی جاں بحق اوران کے 2 بچے 12 سالہ بیٹا رمضان اور 15 سالہ بیٹی رمشا زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ چھت تیز بارش کے باعث گری جبکہ دونوں بچوں کو طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔لاہور میں سحری کے وقت ہوئی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ملتان، گجرات، راول پنڈی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، فیصل آباد، بھکر، جھنگ فیصل آباد، ملتان، گوجرہ، چیچہ وطنی میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک تیز ہواؤں اورآندھی کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدھ سے جمعہ کے دوران خیبر پختو نخوا،فاٹا، گلگت بلتستان،کشمیر، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور،فیصل آباد ڈویژن اور اسلام آباد میں وقفے وقفے کے ساتھ کہیں کہیں پر تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بدھ اور جمعرات کے دوران کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواؤں اورآندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ،اس دوران ہزارہ ڈویژن،کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

مزید : صفحہ آخر