شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس آج ہو گا ، نواز شریف پاکستان کی نمائندگی کرینگے

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس آج ہو گا ، نواز شریف پاکستان کی نمائندگی کرینگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(اے این این) شنگھائی تعاون تنظیم کا اہم اجلاس (آج) قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہو گا ،وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے سربراہوں کی کونسل کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کریں گے جو(آج) جمعرات کو قازخستان کے دارالحکومت آستانہ میں شروع ہورہا ہے۔رکن ملکوں کے سربراہوں کی کونسل شنگھائی تعاون تنظیم کا اعلی ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے جس کا اجلاس ہر سال ہوتا ہے۔پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم میں مبصر کا درجہ حاصل ہے اور وہ آستانہ میں ہونے والے اجلاس میں تنظیم کا مکمل رکن بن جائے گا، پاکستان کو مکمل رکنیت دینے کا اصولی فیصلہ 2015 میں روس کے شہر اوفامیں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے اجلاس میں کیاگیا تھا۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم اجلاس میں شریک رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے علاوہ قازقستان عالمی نمائش2017 کی میزبانی بھی کررہا ہے جس میں پاکستان سمیت ایک سو سے زائد ملک شرکت کررہے ہیں وزیراعظم دوسرے رہنماؤں کے ہمراہ نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کی بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے غیر رسمی ملاقات کا امکان ہے ۔اس سے پہلے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنر نے کہا تھا کہ آستانہ میں دونوں وزراء اعظم کی ملاقات ہو گی تاہم بعد میں بھارتی وزیر خارجہ نے اس بیان کی تردید کر دی تھی۔
شنگھائی تعاون تنظیم