پاک ایران سرحد کے قریب بھوک اورپیاس سے2افراد جاں بحق

پاک ایران سرحد کے قریب بھوک اورپیاس سے2افراد جاں بحق

  

گوادر(آن لائن) پاکستان اور ایران کی سرحد کے قریب ضلع پنجگور کے علاقے کوہ سبز میں لاپتہ ہونیوالے 2افراد بھوک پیاس کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ ذرائع کے مطابق یہ دونوں افراد جن میں سے ایک مزدور اور ایک ڈرائیور تھا، پاک-ایران سرحدی علاقے میں واقع گاؤں سے ایرانی تیل کی فروخت کے لیے اپنے پِک اپ ٹرک میں روانہ ہوئے تھے، تاہم واپسی میں یہ افراد راستہ بھٹک گئے اور ان کی گاڑی میں بھی کوئی خرابی ہوگئی۔ذرائع کے مطابق ان دونوں افراد کے پاس موجود کھانے پینے کی اشیا جلد ہی ختم ہوگئیں جبکہ آس پاس آبادی کا کوئی نام و نشان بھی نہ تھا۔اس غیر آباد علاقے میں چند راہ گیروں نے ان دونوں افراد کی نشاندہی کی اور مقامی انتظامیہ کو مطلع کیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اطلاع موصول ہونے کے بعد لیویز فورس کے اہلکار مذکورہ علاقے میں پہنچے اور دونوں افراد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس وقت تک ایک شخص ہلاک ہوچکا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال منتقلی کے وقت دوسرا شخص زندہ تھا تاہم اس کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی اور وہ بھی دوران علاج چل بسا۔ہسپتال ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات سے آگاہ کرتے ہوئے لیویز فورس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ان دونوں افراد کی موت کی وجہ جسم میں پانی کی کمی بتائی گئی۔ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت ظہور احمد اور شیر علی کے ناموں سے ہوئی، لاشوں کو قانونی اور میڈیکل تقاضے پورے کرنے کے بعد ان کے ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

پاک ایران سرحد

مزید :

کراچی صفحہ اول -