مسلم لیگ لیڈیز ونگ کے وفد کی سینیٹر نزہت صادق سے ملاقات

مسلم لیگ لیڈیز ونگ کے وفد کی سینیٹر نزہت صادق سے ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سنیٹرنزہت صادق سے مسلم لیگ (ن)شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر مہناز اختر ،سیکرٹری جمیلہ ظفر اور دیگر نے ملاقات کی اور انہیں شعبہ خواتین کی جانب سے کراچی ڈویژن میں کی جانے والی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا ۔مہناز اختر نے سینیٹر نزہت صادق کو بتایا کہ مسلم لیگ (ن)شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی جانب سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ضرورت مند خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں ۔راشن اور سلائی مشینوں کی تقسیم کے علاوہ اس بات کو بھی یقینی بنایاجارہا ہے کہ خواتین کو مختلف ہنر سکھائے جائیں تاکہ وہ خود مختار طور پر اپنے لیے باعزت روزگار کماسکیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے خواتین کارکنان انتہائی متحرک ہیں اور کراچی میں مسلم لیگ (ن) ایک بڑی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آرہی ہے ۔خاص طور پر خواتین مسلم لیگ (ن) پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کررہی ہیں کیونکہ انہیں علم ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہی واحد جماعت ہے جس نے خواتین کو ان کے حقوق دلانے کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور اپنے دور اقتدار میں بھرپور اقدامات کیے ہیں ۔اس موقع پر سینیٹر نزہت صادق نے مسلم لیگ (ن)شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جماعت کی کامیابی کا راز اس کے کارکنوں کی محنت اور لگن میں ہوتا ہے ۔مجھے یہ دیکھ کر انتہائی خوشی ہورہی ہے کہ شعبہ خواتین کی رہنما اور کارکنان بھرپور انداز اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کا پیغام عام لوگوں تک پہنچارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں مخصوص نشستوں کے علاوہ عام نشستوں پر بھی خواتین کو بڑی تعداد میں ٹکٹ دیئے جائیں گے تاکہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی کو بڑھایا جاسکے اور مزید موثر انداز میں ایوان میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر