پی پی6میں سیوریج منصوبوں پر کام جاری ہے،ایم ڈی واسا

پی پی6میں سیوریج منصوبوں پر کام جاری ہے،ایم ڈی واسا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی ہدایت پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت محمود نے پی پی - 6 کی یونین کونسلوں 74،75،76 اور 77 شکریال ، کھنہ ڈاک اور گنگال کی آبادیوں میں سیوریج کے منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا ۔ سروس روڈ شکریال پر جاری کام کی رفتارکو مزید تیز کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے جس کی تکمیل سے لوگوں کے رہین سہن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ کیونکہ سیوریج سسٹم نہ ہونے کی وجہ علاقے میں تعفن پھیل رہا ہے ۔ اس موقع پر متعلقہ ٹھیکیدار اور انجیئنرز بھی موجود تھے ۔ جنھوں نے ایم ڈی واسا کو بریف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 48" قطر کی ٹرنک لائنیں لگانے کا کام پوری رفتار سے جاری ہے جبکہ 9" سے 18" قطر کی سیکنڈری لائنیں بھی منصوبے کا حصہ ہیں اور یہ منصوبہ مقررہ معیاد سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ یہ منصوبہ وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ ہے جن کی ذاتی دلچسپی سے ان آبادیوں میں سیوریج سسٹم لگانے کے ساتھ ساتھ صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبے پر بھی کام آخری مراحل میں ہے ۔ ان دونوں منصوبوں کی تکمیل سے ان آبادیوں میں صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی سہولتیں باہم میسر ہوں گی جس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکے گا بلکہ لوگوں کا معیار زندگی بھی بہتر ہوگا ۔