رمضان کا تقاضا ہے ملک میں قرآنی نظام کا نفاذ ہو، زبیر فارو ق
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فارو ق خان نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا انعام ہے جو ستائیسویں رمضان کو معرض وجود میں آیا۔اس لیے پاکستانی قوم پر دہری ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں قرآن کے نظام کے نفاذکے عہد کو پورا کریں۔ رمضان کا تقاضا ہے کہ ملک میں قرآن کے نظام کا نفاذ ہو۔ اللہ کے قانون پر اپنے بنائے ہوئے قوانین کو ترجیح دینا اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گو لڑہ میں دعوت افطار کے اجتماع سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔زبیر فارو ق خان نے کہا ایک اسلامی مملکت کے شہری ہونے کے ناطے عوام کا حق ہے کہ انہیں اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کے مواقع مہیا کیے جائیں اور ان کے عقائد و نظریات کا تحفظ ہو، رمضان المبارک ہمیں قرآ ن کے ساتھ تعلق مضبوط کرنے اور اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق زندگی کی تربیت دیتا ہے تاکہ سال کے باقی گیارہ ماہ میں بھی اسی ذوق و شوق کے ساتھ اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری کو ہر چیز پر مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قران پاک کا پڑھنا اورا سکو سمجھنا اس پر عمل کرنا اوراس کے قوانین کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرنا امت کے ہر فرد پر واجب ہے۔