عمران خان شہنشاہ معظم بنکر خیبرپختونخوا کے وسائل ذاتی تشہیر کیلئے استعمال کر رہے ہیں : زاہد خان
پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد خان نے سرکاری ریسٹ ہاؤس نتھیا گلی میں عمران خان کے شہنشاہ معظم بن کر رہنے اور صوبہ خیبر پختونخوا کے وسائل کو ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ کو دہشتگردی کا مرکز بنانے والے کپتان صوبائی انتظامیہ کو ذاتی ملازمین بناکر پختون دشمنی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپنے جلسوں میں مخالفین کو سرعام بد عنوان قرار دینے والوں نے ثابت کردیا کہ حصول اقتدار کے لیے کچھ بھی کیا جاسکتا ہے۔زاہد خان نے کہا کہ پنجاب کے کچرے کو خیبر پختونخوا کے وسائل سے سوغات سمجھ کر گلے لگانے والے بے شرمی کے حدیں پار کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی بالادستی کی سیاست نے ماضی میں ملک کو ناقابل تلافی نقصا ن پہنچایا ہے۔ ایک بار پھر پنجاب کا ووٹ بنک حاصل کرنے کے لیے ایسے ہی ایجنڈے پر عمل کیا جارہا ہے جس کے نتائج خطرناک حد تک نقصان دہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پختونوں کو بھی بیدار ہونا ہوگاکہ مشال خان کو جس طرح سرکاری پولیس کی نااہلی قتل سے نہ بچا سکی ۔ اسی طرح حکومتی سرپرستی میں اصل قاتل فرار کر ادیئے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پی ٹی آئی پنجاب کے رہنماء حکومت کررہے ہیں۔ پہلے صوبے کے حالات کو بد تر کیا گیا اب سازش کے تحت صوبے کے وسائل پر بھی قابض ہونے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ ۔