ترقی کیلئے ٹرانسپورٹ کی اہمیت بہت زیادہ ہے: گورنر سندھ

ترقی کیلئے ٹرانسپورٹ کی اہمیت بہت زیادہ ہے: گورنر سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ معاشی سرگرمیوں اور اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ سماجی ضروریات کو پورا کرنے میں ٹرانسپورٹ کی اہمیت بہت زیادہ ہے ،صوبہ سمیت پورے ملک میں جاری انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی کے میگا پروجیکٹس سے معاشی ، اقتصادی اور سماجی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا ، وفاقی حکومت تیز ترین آمد رفت کے ذرائع تشکیل دینے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک ملک کی ترقی کا نہ صرف خواہشمند ہے بلکہ اس میں اپنا حصہ بھی شامل کرنا چاہتا ہے ، حال ہی میں گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال ختم کرانے میں ان لوگوں نے حکومت سے تعاون کیاجو کہ خوش آئند ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے چیئر مین نور خان نیازی کی قیادت میں آنے والے 8 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد نے گورنر سندھ کو گڈز ٹرانسپورٹ کے مسائل ، حائل رکاوٹوں سمیت دیگر امور سے تفصیلی آگاہ کیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہڑتال سے ملکی معیشت پر بہت برا اثر پڑتا ہے ،ہر مسئلہ کا حل صرف مذاکرات ہی ہے ، گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرکے ایک اچھا فیصلہ کیا جسے عوام نے بے حد سراہا ہے ،ہمیں اپنے مسائل کے حل کے لئے دوسروں کو مسائل میں نہیں الجھانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد معاشی ، اقتصادی ، سماجی اور دیگر سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے ، کراچی ایک بار روشنیوں کا شہر بننے جا رہا ہے ہمیں اس شہر کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا اس ضمن میں ہر ایک کو اپنے اپنے حصہ کا کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں جہاں جرائم کی سرگرمیاں جاری ہیں ان کی بیخ کنی کے لئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے ، امن وامان کے قیام کے بغیر معاشی ترقی کا خواب کبھی بھی تعبیر نہیں ہو سکتا ہے ۔ ملاقات میں وفد کے چیئر مین نور خان نیازی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ عدلیہ کے فیصلہ کا احترام کرتے ہوئے مقررہ وقت رات 11 بجے سے لیکر صبح 6 تک ہی شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بالائی سندھ اور پنجاب میں ڈکیتیوں کی بڑھتی ہوئی وارداتیں تشویشناک ہیں جبکہ پولیس بھی ڈرائیوروں کو بلا وجہ ہراساں کرتی ہے جس کی وجہ سے ہمیں معاشی نقصان اٹھانا پڑتا ہے اس ضمن میں بھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے زیادہ تر معاملات وفاق سے متعلق ہیں جن میں کسٹم ، کراچی پورٹ ٹرسٹ ، ایف بی آر ، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی اور ڈیزل کی قیمتوں سمیت دیگر مسائل شامل ہیں ۔ گورنر سندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ملک و قوم کو معاشی لحاظ سے طاقتور بنانے کے مشن پر گامزن ہے ، اسی لئے پورے ملک میں انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی کا جال بچھا یا جا رہا ہے اور وفاق ہر مسئلہ جس کی نشاندہی کی جاتی ہے حل کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لئے وفاق سے متعلق وزارتوں سے رابطہ کرکے انھیں جلد سے جلد حل کرانے کی بھرپور کوششیں کروں گا ۔ وفد نے وقت دینے ، مسائل تفصیل سے سننے اور ان کے حل کے لئے بھرپور دلچسپی لینے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا ۔

مزید : کراچی صفحہ اول