اسلام آباد کے شہری کم سے کم پانی استعمال کریں: شیخ انصر عزیز
اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین سی ڈی اے و میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہاہے کہ اسلام آباد کے شہری ضرورت کے مطابق کم سے کم پانی استعمال کریں اور پانی کے ضیاع کو روکیں ، بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی سپلائی میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کے لئے غور کیا جارہاہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دارالحکومت کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے ضیاع کو روکیں اور کم سے کم پنی استعمال کریں تاکہ انہیں پانی کی کمی کا مزید سامنا نہ کرناپڑے۔ انہوں نے کہاکہ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے ٹیوب ویلوں میں پانی کی مقدار بہت کم ہو چکی ہے جبکہ خان پور ڈیم اور سمبلی ڈیم میں ڈیڈ لیول سے بہت نیچے آگیاہے ۔واپڈا کو ہدایت کی ہے کہ دونوں ڈیموں میں پانی کی کمی کے باعث پانی کی سپلائی کو کم کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے پانی کی شکایات کے حوالے سے آگاہ ہے لیکن عوام کو بھی ضرورت کے مطابق کم سے کم پانی استعمال کرکے پانی کو بچایاجاسکے۔ جن جن سیکٹرز میں پانی کی کمی کاسامنا ہے ان علاقوں میں سی ڈی اے کے ٹینکرز بلاتعطل پانی فراہم کررہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کے حوالے سے غور کیا جارہاہے ترنول کے مضافات کو پانی کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔