شنگھائی تعاون تنظیم کے صنعتی و تجارتی فورم کا بیجنگ میں انعقاد

شنگھائی تعاون تنظیم کے صنعتی و تجارتی فورم کا بیجنگ میں انعقاد

بیجنگ (اے پی پی)شنگھائی تعاون تنظیم کا صنعتی و تجارتی فورم بیجنگ میں منعقد ہوا۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق اجلاس میں چین، پاکستان، روس ،بھارت اور قازخستان سمیت مختلف ملکوں سے آنے والے تین سو سے زائد صنعتکاروں اور تاجروں نے شرکت کی اور تنظیم کے رکن ملکوں کے درمیان صنعتی و کاروباری تعاون اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں شریک پاکستان کے حبیب بینک کے بیجنگ آفس کے سربراہ محمد حنیف نے کہا کہ پاکستان شنگھائی روح کو بہتر سمجھ کر تنظیم کے دوسرے رکن ملکوں کے ساتھ زیادہ قریبی تعاون کرنے کا خواہشمند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان خوشگوار تعلقات پائے جاتے ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم میں شامل ہونے کے بعد پاکستان کو زیادہ ملکوں کے ساتھ تعاون کرنے کے مواقع حاصل ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ 2001ء میں شنگھائی تعاون تنظیم کے قیام کے وقت تنظیم کے دوسرے ارکان کے ساتھ چین کا تجارت حجم 12 ارب امریکی ڈالر تھا جو 2017ء میں 2 کھرب 10 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ۔

مزید : کامرس