کراچی پورٹ ٹرسٹ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے ، گورنر سندھ

کراچی پورٹ ٹرسٹ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے ، گورنر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی (اکنامک رپورٹر) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تاریخی اہمیت کے حامل کراچی پورٹ ٹرسٹ کا قومی معیشت میں اہم کردار ہے، پاکستان کاگیٹ وے (کے پی ٹی) معاشی ، اقتصادی ، تجارتی اور سماجی سرگرمیوں اور ان کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کررہاہے ، سمندری راستوں سے سامان رسد کی محفوظ ترسیل میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے پیشہ ورانہ ماہر اہم قومی خدمت انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، عصرحاضر سے ہم آہنگ سہولیات کی فراہمی ، قومی تقاضوں ، معاشرتی ضروریات اور طے کردہ اہداف کے حصول سے کراچی پورٹ ٹرسٹ کا مستقبل روشن دیکھ رہا ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئر مین ریئر ایڈمرل جمیل اختر سے گورنر ہاؤس میں ملاقات میں کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 100 برس سے زائد کی تاریخ رکھنے والی کراچی پورٹ کی وسعت قومی تقاضہ ہے ، عملہ کی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث کراچی پورٹ نے گذشتہ مالی برس 2016-17 ء کے دوران ریکارڈ کارگو کی ترسیل کی جبکہ آئندہ کے ہدف 100 ملین ٹن کارگو کے حصول کے لئے اٹھائے گئے اقدامات خوش آئند ہیں اس سے معاشی ، اقتصادی ، تجارتی اور سماجی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا ۔گورنرمحمد زبیر نے کہا کہ پورٹ کی پالیسیوں سے تاجروں ، صنعت کاروں اور کاروباری افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات حاصل ہورہی ہیں اور ان کا پورٹ پر اعتماد بھی مزید پختہ ہو رہاہے جو پورٹ کے افسران اور عملہ کی مہارت اور ذمہ دارانہ طرز عمل کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد 7 دہائیوں سے کراچی پورٹ پیشہ ورانہ مہارت کے حامل عملہ کے زیر نگرانی سمندری راستوں سے سامان کی ترسیل میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے ۔

ملاقات میں پورٹ کے چیئر مین ریئر ایڈمرل جمیل اختر نے گورنرسندھ کو کراچی پورٹ ٹرسٹ کی وسعت ، فعالیت ، عصری تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات اور قومی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھائے گئے اقدامات سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پورٹ اپنے مختص کردہ اہدا ف کے حصول کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنارہا ہے ، سی پیک کے بعد کراچی پورٹ کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی اس ضمن میں پیشگی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ پورٹ کی پالیسی کی تشکیل میں تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہمی پر توجہ دی جاتی ہے ۔

مزید :

کامرس -