فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پانی کے ذخائر ناگزیر‘فیصل آبادچیمبر
فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مجلس عاملہ نے ایک قرار داد منظور کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پانی کے کم از کم محفوظ ذخائر ناگزیر ہیں اور اس مقصد کیلئے فوری طور پر نئے ڈیموں کی تعمیر شروع کی جانی چاہیئے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار کے مطابق کم از کم 120 دن کا پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیم ہونے چاہیءں مگر بد قسمتی سے پاکستان میں صرف 30 دن کا پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔ مزید برآں سلٹ جمنے کی وجہ سے موجودہ ڈیموں کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں بھی تیزی سے کمی آرہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان بنیادی طور پر زرعی ملک ہے جبکہ بھارت کی طرف سے پاکستان کے حصے کے دریاؤں پر کنٹرول نے ملکی سلامتی کیلئے سنگین خطرات پیدا کر دیئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماہرین کے مطابق 2025 تک پاکستان کا شمار پانی کی قلت والے ملکوں میں ہوگا اور اس صورتحال سے بچنے کیلئے ہمیں فوری طور پر نئے ڈیم تعمیر کرنے ہونگے۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ گزشتہ حکومتوں نے اس اہم مۂلے پر کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے ابھی تک چاروں صوبوں کے وسیع رقبے بے آباد ہیں حالانکہ پانی کی فراہمی کو یقینی بناکر ان کو قابل کاشت بنانے سے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کیلئے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع بھی مہیا کئے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بد قسمتی کی بات ہے کہ پاکستان کے کئی سیاستدان قومی مفاد کے اس اہم ترین مئلہ کو ذاتی لڑائیوں اور منفی مفادات کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں جن کی وجہ سے کئی قابل عمل منصوبے بھی گزشتہ کئی دہائیوں سے زیر التواء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کے حصے کے دریاؤں پر ڈیموں کی تعمیر پاکستانی قوم کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے اور یہی موقع ہے جس سے فائد ہ اٹھاتے ہوئے ہمیں فوری طور پر نئے ڈیموں کی تعمیر شروع کر نا ہوگی تا کہ مستقبل کے پاکستان کو ایتھوپیا جیسی قحط سالی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی تاجر برادری نئے ڈیموں کی تعمیر کے حق میں ہے اور تمام محب وطن پاکستانیوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ نئے ڈیموں کی تعمیر کیلئے فوری آواز بلند کریں۔ شبیر حسین چاولہ نے مزید کہا کہ ہمیں دستیاب پانی کے بہترین استعمال اور اس کے غیر ضروری ضیاع کو روکنے کیلئے بھی فوری اقدامات اٹھانے ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات میں لوگوں کو صرف اور صرف ان جماعتوں اور امیدواروں کو ووٹ دینا ہوگا جو برملااور بغیر چون و چرا نئے ڈیموں کی تعمیر کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ڈیموں کی حامی جماعتوں کو ووٹ دیا جائے تا کہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جا سکے جو ملکی مفاد کے منصوبوں کی راہ میں بلا وجہ روڑے اکٹا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نئے ڈیموں کے حق میں بھرپور تشہیری مہم بھی شروع کرے گا تا کہ لوگوں کو پاکستان کی بقاء ، سلامتی اور ترقی کیلئے پانی کے محفوظ ذخائر کی اہمیت بارے آگاہ کیا جا سکے۔