کالاباغ ڈیم سمیت دیگر ڈیموں پر کام شروع کیاجائے ‘ فاؤنڈرز گروپ

کالاباغ ڈیم سمیت دیگر ڈیموں پر کام شروع کیاجائے ‘ فاؤنڈرز گروپ

لاہور(کامرس رپورٹر) فاؤنڈرز گروپ نے کالاباغ ڈیم اور پانی سٹور کرنے کے لیے دیگر بڑے ڈیموں کی فوری تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ابھی یہ کام شروع نہ کیا گیا تو پانی کا بحران ملک کو بھاری نقصان پہنچائے گا۔ ملک میں بڑے ڈیم نہ ہونے کی بھاری قیمت ہم پہلے ہی ادا کررہے ہیں۔ میاں محمد اشرف، شیخ محمد آصف، فاروق افتخار، خواجہ خاور رشید اور ذیشان خلیل نے کہا کہ ارباب اختیار کی طرف سے کالاباغ ڈیم اور پانی سٹور کرنے کے بڑے منصوبوں کی طرف سے چشم پوشی اور کچھ سیاستدانوں کی جانب سے کالاباغ ڈیم کی مسلسل مخالفت بہت تشویشناک ہے۔

کالاباغ ڈیم کی مخالفت کرنے والے بھارت کو پاکستان کے پانیوں پر قبضہ کرنے کا موقع فراہم کررہے ہیں جو قابل برداشت نہیں ہے۔ فاؤنڈرز گروپ کے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور اس کی اکانومی اسی پر انحصار کرتی ہے۔ زرعی شعبہ پہلے ہی پانی کی کمی کی وجہ سے برباد ہورہا ہے اور اگر ہم نے آج کالاباغ ڈیم اور پانی کے دیگر بڑے منصوبے شروع اور مکمل نہ کیے تو مکمل تباہی ہمارا مقدر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے کالاباغ ڈیم اور پانی کے مسئلے کا نوٹس لیا ہے جو بڑی خوش آئند بات ہے۔ سپریم کورٹ کالاباغ ڈیم تعمیر کرکے پاکستان کو بھارت کے واٹر بم سے بچا سکتی ہے۔

مزید : کامرس