پی ٹی وی لاہورمرکز مشعل یونین کے اہم اجلاس کاانعقاد

پی ٹی وی لاہورمرکز مشعل یونین کے اہم اجلاس کاانعقاد

لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹر میں مشعل یونین (سی بی اے ) کے عہدیداران کے ایک اہم اجلاس میں 191عارضی ملازمین کو مستقل کرنے پرپی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین سی بی اے ( مشعل یونین )کے مرکزی صدر جہانگیر خان اور دیگر عہدیداروں نے ایم ڈی پی ٹی وی سردار احمد نواز سکھیرا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے ۔ یاد رہے کہ سی بی اے یونین لاہور سینٹرکے مرکزی دفتر میں ایم ڈی پی ٹی وی سردار احمد نواز سکھیرا کی آمد کے موقع پر 29 جنوری 2018 کو مرکزی صدر جہانگیر خان نے کچھ مطالبات پیش کئے جن میں سر فہرست 2012میں بھرتی ہونے والے عارضی ملازمین کو مستقلی اور 2008میں مستقل ہونے والے پی ٹی وی ملازمین کی پنشن کا مسئلہ تھا ۔اس موقع پر پیش کئے جانے والے مطالبات میں سے میڈیکل بلز کے بقایا جات کی ادائیگی،پروگرام کے بقایاجا ت، 10% ایڈہاک ریلیف کی منظوری پر پہلے ہی عملدرآمد ہو چکا ہے اور ہاوس رینٹ / ہاوس ریکوزیش میں 50% اضافہ کی یقین دہانی بھی کروا دی گئی ہے ۔ 191عارضی ملازمین جن میں 45 ملازمین کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے کی مستقلی پر ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔مرکزی صدر جہانگیر خان نے ایم ڈی پی ٹی وی کی مزدور دوست پالیسیوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ جہاں آپ نے ملازمین کے اتنے مسائل کو حل کیا ہے باقی رہ جانے والے ایک مسئلے2008 میں مستقل ہونے والے پی ٹی وی ملازمین جو ابھی تک پنشن کے دائرے میں نہیں لائے گئے ، ایک ادارے میں دو قانون چل رہے ہیں انہوں نے ایم ڈی پی ٹی وی سے گزارش کی ہے کہ ان ملازمین کو بھی پنشن کی سہولت دے کر انہیں بھی سکھی کیا جائے ۔

یاد رہے کہ لاہور سینٹر میں سردار احمدنواز سکھیرا کو" سکھ دینے والا"کے نام سے یا د کیا جاتا ہے ۔

مزید : کلچر